بنگلورو، 21/دسمبر (ایس او نیوز) منگلورو میں شہریت قانون کے خلاف احتجاج کے دوران پیش آئے حالات نہایت افسوسناک ہیں۔ پولیس فائرنگ میں 2معصوم افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ بات سابق وزیر اعظم اور جنتادل کے قومی صدر ایچ ڈی دیوے گوڑا نے کہی۔
انہوں نے کہا کہ پرامن طریقے سے احتجاج ہورہا تھا۔ لیکن ریاستی حکومت کے وزراء نے ہی احتجاجیوں کو مشتعل کیا۔ پولیس نے نہتے احتجاجیوں پر فائرنگ شروع کردی۔ ریاستی وزراء پولیس کا یہ رویہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزراء اپنے بیانات کے ذریعہ منگلورو میں تشدد کو بڑھا وا دے رہے ہیں۔ عوام کو معصوم احتجاجیوں کے خلاف اکسارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کیرالہ میں زیر علاج ہیں۔ پارٹی کے سینئر لیڈر بی ایم فاروق منگلورو کے لوگوں کی مدد کرنے کو کہا ہے۔ انہی کے ذریعہ مجھے منگلورو کے حالات کا پتہ چلا۔ دیوے گوڑا نے منگلورو کے عوام سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت منگلورو میں نظم و نسق قائم رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے حکومت سے شہر میں امن و امان قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ این آر سی اور شہریت قانون کو لے کر عوام میں شبہات ہیں انہیں دور کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ مرکز اور ریاستی حکومت عوام کو مطمئن کرنے کی بجائے قانون کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو پولیس کے ذریعہ قابو میں کرنے کی کوشش کررہی ہے۔